جانوروں کی سبق آموز کہانیاں
شیر نے حفاظت کی
ایک مرتبہ صحابۂ کرامعلیہمُ الرِّضوان جہاد کے لئے رُوم(اِٹلی Italy) کی طرف گئے ۔ دوران ِسفر اللہ کے آخری نبی حضرت محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے پیارے صحابی حضرت سفینہ رضی اللہ تعالٰی عنہ پیچھے رہ گئے اور اپنے ساتھیوں کو تلاش کرتے کرتے ایک جنگل میں پہنچ گئے۔ اچانک ان کے سامنے ایک خوفناک شیر آگیا ۔ شیر کی نظر جیسے ہی آپ پر پڑی تو وہ حملہ کرنے کے لئےآگے بڑھا۔ شیر کو دیکھنے کےباوجود حضرت سیِّدُناسفینہرضی اللہ تعالٰی عنہبالکل خوف زدہ نہیں ہوئے۔ جب آپ نے دیکھا کہ شیر حملہ کرنے والا ہے تو آپ نے بلند آواز سے شیر کو کہا: اے ابو حارث! میں رسولُ اللہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا غلام ہو ں، لشکرِ اسلام سے بچھڑ گیا ہوں اور لشکر کی تلاش میں ہوں۔ شیر نے جب یہ سنا کہ آپ اللہ کے پیارےنبی حضرت محمد صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صحابی ہیں تو حملہ کرنے کے بجائے ادب سے اپنا سَر جُھکا کردُم ہِلاتا ہوا آپ کے پاس آیا اور آپ کی حفاظت کے لئے آپ کے ساتھ ساتھ چلنے لگا۔ راستے میں کوئی خطرہ محسوس ہوتا یا کوئی آواز آتی تو شیر اس طرف چلا جاتا اور پھر آپ کے ساتھ ہو جاتا۔ جب آپ لشکرِ اسلام تک پہنچ گئے تو وہ شیر جنگل کی طرف واپس لوٹ گیا۔ (مشکوٰۃ،ج2 ،ص400،حدیث:5949ماخوذاً)
پیارے پیارے مدنی منّو اور مدنی منّیو! معلوم ہوا کہ جنگلی جانور بھی اللہ کےنیک بندوں کا ادب واحترام کرتے ہیں اور انہیں کوئی تکلیف نہیں پہنچاتے۔ ہمیں بھی اللہ کے نیک بندوں کا ادب و اِحتِرام کرناچاہئے اور ایسے کاموں سے بچنا چاہئے جس سے اللہ کے نیک بندوں کو تکلیف پہنچے ۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
٭…ماہنامہ فیضان مدینہ باب المدینہ کراچی